ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام نگرم حلقے میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں : پرمیشور

رام نگرم حلقے میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں : پرمیشور

Thu, 01 Nov 2018 21:15:25    S.O. News Service

بنگلورو، یکم نومبر (ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ رام نگرم اسمبلی حلقے سے بی جے پی امیدوار چندر شیکھر کے مقابلے سے ہٹ جانے سے بی جے پی کو زبردست جھٹکا ضرور لگا ہے، ٹمکور میں راجیواتسوا تقریب میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امیدوار کے مقابلے سے ہٹنے کا مطلب یہی ہے کہ اس ضلع میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ رام نگرم حلقے میں بی جے پی کی جیت پہلے ہی ناممکن تھی، اسی لئے امیدوار نے بھی اس انتخاب سے اپنا دامن بچا لیا ہے۔ پرمیشور نے کہاکہ ریاست کے پانچوں حلقوں میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کامیاب ہوگا اور ریاست میں کمار سوامی کی قیادت والی مخلوط حکومت اپنی میعاد پوری استحکام کے ساتھ پوری کرے گی۔ اس موقع پر راجیواتسوا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ٹمکور کو اس قدر ترقی سے ہمکنار کیا جائے گا کہ اسے صوبائی راجدھانی بنگلور کا متبادل بنایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے منعقدہ راجیواتسوا تقریب سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ ٹمکور ضلع میں متعدد صنعتی زونس اور دیگر منصوبوں کی شروع ہوچکی ہے۔وسنت پورہ انڈسٹریل ایریا کے لئے 1600کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید صنعتوں کے قیام سے اس علاقے میں روزگار کے بے شمار مواقع قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹمکور ضلع کا شمار ریاست کے خشک اضلاع میں کیا جاتا ہے، ضلع کے بیشتر تعلقہ جات خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں، یہاں پر راحت کاری کے لئے تمام ضروری قدم اٹھائے جارہے ہیں۔
 


Share: